سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں بڑی تبدیلی

حکومت نے ملک بھر میں سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کو نیپرا سولر صارفین قوانین 2025 کا نام دیا گیا ہے، جس کی منظوری اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت توانائی نے دے دی ہے۔

نیپرا ذرائع کے مطابق فوری طور پر نیٹ میٹرنگ کے بجائے نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ سولر صارفین کے ساتھ معاہدے کی مدت 7 سال سے کم کر کے 5 سال کر دی گئی ہے۔ نیٹ میٹرنگ کے تحت اضافی سرچارج کے بجائے اب صارفین کو فی یونٹ تبادلہ دیا جائے گا، جبکہ نئی سولر نیٹ بلنگ کی فی یونٹ قیمت تقریباً 11 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر صارفین کو 25 روپے 98 پیسے فی یونٹ کا فائدہ حاصل تھا۔ نئی پالیسی کے تحت 25 کلوواٹ سے کم لوڈ رکھنے والے صارفین کے لیے بھی نیپرا سے لائسنس لینا لازم ہوگا، جبکہ اس سے پہلے گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین کو 25 کلوواٹ تک لائسنس سے استثنیٰ حاصل تھا۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی، ڈسکوز اور نیپرا نے کئی ماہ کی مشاورت کے بعد یہ طریقہ کار مکمل کیا۔ وزارت توانائی نے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا کہ نئی پالیسی کے بغیر نظام کو مؤثر انداز میں چلانا ممکن نہیں۔

ترجمان وزارت توانائی نے کہا ہے کہ سولر ٹیرف کا تعین نیپرا ریگولیٹرز کی ذمہ داری ہے اور صارفین پر اس کے زیادہ اثرات نہیں پڑیں گے، جبکہ نیٹ میٹرنگ کی جگہ نیٹ بلنگ کا نظام نافذ کیا جائے گا۔

Back to top button