پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے، اور اگر ملک ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ کی صورت میں حالات مختلف ہوسکتے تھے۔
گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کا نعرہ گونجے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیراتی سیاست کا آغاز ہوا، اور انہوں نے بطور وزیراعلیٰ اور وزیراعظم جو ترقیاتی کام کیے، تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے گوجرانوالہ کے شہریوں کو دیا گیا یہ منصوبہ پورے ضلع کی تقدیر بدل دے گا اور شہریوں کو بڑی سہولتیں فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے بچے وقت پر اسکول پہنچ سکیں گے، مزدور اپنے کارخانوں میں، اور وکلا بروقت عدالتوں میں پہنچ پائیں گے۔ مجموعی طور پر یہ ماس ٹرانزٹ سسٹم ہر طبقے کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے لاہور میں امراضِ قلب کا پہلا اسپتال تعمیر کرایا اور عام آدمی کے لیے بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی ملک بنانا ہے، اور اگر یہ صلاحیت نہ ہوتی تو اس سال حالات بہت مختلف ہوتے۔
شرکاء سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ایک وقت میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا مگر آج اسموگ میں کمی آئی ہے، جس پر مریم نواز اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ یہ تمام کام ایسے ہیں جنہیں کوئی چاہ کر بھی چھپا نہیں سکتا، مخالفین کو بھی ان کا اعتراف کرنا پڑے گا۔
