مالاکنڈ،سکیورٹی فورسزکاآپریشن،9خوارج ہلاک،8گرفتار

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں ایک مؤثر کارروائی کے دوران بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم "فتنہ الخوارج” کے 9 شدت پسندوں کو ہلاک جبکہ 8 کو گرفتار کرلیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق، 16 سے 20 جولائی 2025 تک ضلع مالاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک مشترکہ آپریشن انجام دیا۔
یہ کارروائی بھارت کی معاونت سے چلنے والی دہشتگرد تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔ آپریشن چار روز جاری رہا، جس دوران فورسز نے مؤثر حکمتِ عملی سے علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، شدید جھڑپ کے بعد 9 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ 8 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال دو خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے، اور بھاری مقدار میں اسلحہ، بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
عوام نے اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف ریاستی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔ مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے تعاون سے ملک میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل طور پر خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
