معیشت کی بہتری کیلئےخواتین کابھی مردوں کےبرابرکردارہے،ملالہ یوسفزئی

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف یوسفزئی کاکہنا ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے خواتین کا کردار اتنا ہی اہم ہے جتنا مردوں کا، یہ حقیقت ہےکہ بیشترحکومتیں لڑکیوں کی تعلیم کو نظرانداز کرتی ہیں۔

اسلام آباد میں مسلمان معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کا شکریہ جنہوں نےہمیں یہاں تک اکٹھا کیا،پاکستان سے میں نے اپنا سفر شروع کیا اور میرا دل ہمیشہ پاکستان میں رہتا ہے۔

ملالہ یوسف یوسفزئی نے کہا ہے کہ دنیا میں12 کروڑ جبکہ پاکستان میں سوا کروڑ لڑکیاں اسکول نہیں جاتیں، اسرائیل نےغزہ میں پورا نظام تعلیم تباہ کردیا، طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، طالبان نےایک دہائی سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے۔

نوبل انعام یافتہ  ملالہ یوسفزئی نے کہاکہ نبی کریمﷺ پر نازل ہونے والی پہلی وحی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ سیکھنا اسلام کی بنیاد ہے یہ تمام مردوں، عورتوں، لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ لکھنے، پڑھنے اور سیکھنے کے ذریعے ترقی اور بااختیار ہونے کی کوشش کریں۔

ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ فلسطین کے بچوں نےاپنی زندگی اور اپنا مستقبل کھودیا، غزہ میں اسرائیل نے اسکولوں کو تباہ کردیا ہے،غزہ میں 90 فیصدیونیورسٹیاں بھی تباہ ہوچکی ہیں، ایک فلسطینی لڑکی اپنامستقبل نہیں بنا سکتی اگر وہ اسکول نہیں جاسکتیں،انہوں نےکہا کہ اسرائیل کی عالمی قوانین کی خلاف ورزی پرآوازبلند کرتی رہوں گی۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ نےکہا کہ اس کانفرنس کا مقصد پورا نہیں ہوگا اگر ہم افغان لڑکیوں کی تعلیم کی بات نہ کریں، ایک دہائی سے طالبان نے خواتین سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے، طالبان نے خواتین کے حقوق چھیننےکیلیے100 سے زائد قانون سازیاں کی ہیں، طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے۔

ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ طالبان اپنے جرائم کو ثقافت اورمذہبی جوازکےطور پر پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ بات بالکل واضح کرنی چاہیے کہ اس میں کچھ بھی اسلامی نہیں ہے، یہ پالیسیاں اسلام کی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتیں، طالبان پالیسیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں، کسی بھی ثقافت یا مذہبی عذر سے اس کا جواز پیش نہیں کی جاسکتا۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا دنیا کےرنگوں میں پاکستانی لڑکیوں کا حصہ بھی درکارہے، ہرلڑکی کا حق ہےکہ وہ12 سال کیلئے اسکول جائے، خواتین کی تعلیم میرےدل کےبہت قریب ہے،سیکھنا ہماری اسلامی تعلیمات میں شامل ہے، حضرت عائشہ اورفاطمہ جناح جیسی خواتین ہمارے لیےمشعل راہ ہیں،فاطمہ جناح نےآزادی اورانصاف کی جدوجہد کیلئے بہت کام کیا۔

Back to top button