ملائیشیا کے باشندے کے منہ میں 42دانت نکل آئے

ویسے تو کسی فرد کے منہ میں زیادہ سے زیادہ 32 دانت ہوتے ہیں۔مگر ملائیشیا میں ایک شخص ایسا ہے جس کے منہ میں 42 دانت موجود ہیں یعنی کسی اوسط فرد کے دانتوں سے 10 زیادہ ہیں۔
جی ہاں واقعی گنیز ورلڈ ریکارڈز میں 33 سالہ پرتاب مناڈے کا نام درج کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ برسوں تک پرتاب کو علم نہیں ہوسکا تھا کہ اس کے منہ میں دانتوں کی تعداد معمول سے زیادہ ہے۔
پرتاب کے مطابق ‘مجھے کا اس کا اندازہ 2021 میں ایک خاندانی تقریب کے دوران ہوا جب میں نے اپنے گھر والوں کو کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ منہ میں اضافی دانت اگ رہے ہیں’۔
گھروالوں نے جب دانتوں کو گنا تو دریافت ہوا کہ ان کی تعداد اس وقت 38 تھی۔
بعد ازاں دانتوں کے ایکسرے سے علم ہوا کہ مزید 4 دانت مسوڑوں میں دبے ہوئے ہیں جو 2023 میں نکل آئے۔
خوش قسمتی سے زیادہ تر دانت بغیر پیچیدگی کے اگ گئے اور پرتاب کو کسی قسم کے مسئلے کا سامنا نہیں ہوا۔
یہاں تک کہ بیشتر افراد کو علم بھی نہیں ہوتا کہ پرتاب کے منہ میں 10 اضافی دانت ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ماہرین نے دانتوں کا معائنہ کیا تو علم ہوا کہ مزید 2 دانت منہ میں چھپے ہوئے ہیں جو ابھی باہر نہیں نکلے۔
تو اب پرتاب کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں زیادہ دانتوں والے مرد کے طور پر درج کرلیا گیا ہے۔
