ملائیشیا،کرپشن الزامات پر آرمی چیف کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا

ملائیشیا کے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن کو کرپشن اور منی لانڈرنگ الزامات کی تحقیقات تک رخصت پر بھیج دیا گیا
ملائیشیا کی وزارتِ دفاع نے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن کو فوری طور پر رخصت پر بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی۔
مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ معاملہ تب شروع ہوا جب سماجی کارکن بدر الحشام شہران المعروف چیگو برد نے مسلح افواج کے ایک سینئر افسر پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے۔
ایم اے سی سی کے افسران نے فوج کے تحت ہونے والے پروکیورمنٹ منصوبوں خصوصاً اوپن ٹینڈر کے ذریعے کیے گئے منصوبوں کی باریکی سے جانچ پڑتال کی۔
جانچ پڑتال میں 2023 سے 2025 کے درمیان 5 لاکھ رنگٹ سے زائد مالیت کے 158 منصوبے اور اس حد سے کم مالیت کے 4,521 منصوبے سامنے آئے ہیں۔
ابتدائی نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ چند کمپنیاں بار بار اعلیٰ مالیت کے ٹھیکے حاصل کر رہی تھیں جس پر تفتیشی افسران نے خدشات کا اظہار کیا۔
24 دسمبر تک ایم اے سی سی نے تین اعلیٰ فوجی افسران سے پوچھ گچھ کی اور ان کے بیانات ریکارڈ کیے تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔
تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ چھان بین کی جائے گی۔
