اراکین پارلیمان کی نااہلی 5 سال تک محدود کرنے کے بل پر دستخط

قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی نے اراکین پارلیمان کی نااہلی کو سابقہ اثر کے ساتھ 5 سال تک محدود کرنے کے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیئے جس کے بعد نااہلی کی مدت 5 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔
نااہلی کو 5 سال تک محدود کرنے کا بل سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد گزشتہ روز قومی اسمبلی سے بھی منظور کرلیا گیا تھا۔ صدر ملکت عارف علوی حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاچکے ہیں اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے آج الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیے، ایکٹ میں ترمیم کے تحت نا اہلی پانچ سال سے زیادہ نہیں ہوگی، قانون بننے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی ختم ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
بل پر دستخط کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ اور الیکشن شیڈول یا نئی تاریخ کا اعلان بھی کر سکے گا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے ایوان میں پیش کیا تھا، بل کی منظوری سے الیکشن کمیشن کو الیکشن پروگرام، شیڈول کا اعلان کرنے کا اختیار واپس مل گیا جس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی بھی الیکشن کمیشن کا اختیار ہوگا۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں بل پیش کرتے ہوئے وزیر قانون نے بتایا تھا کہ 1976 کے اصل قانون کے تحت ای سی پی کو عام انتخابات کی تاریخ طے کرنے کا مینڈیٹ حاصل تھا، لیکن 1977 میں مارشل لا کے نفاذ کے بعد اس وقت کے فوجی حکمران ضیا الحق نے ایک آرڈیننس کے ذریعے یہ اختیار صدر کو دے دیا تھا۔
قومی اسمبلی سے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 232 (قابلیت اور نااہلی) میں ترمیم بھی منظور کی گئی۔ اس ترمیم کے بعد 5 سال سے زیادہ نااہلی کی سزا نہیں ہوگی اور متعلقہ شخص قومی یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا اہل ہوگا۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ اس ایکٹ کی کسی دوسری شق میں موجود کسی بھی چیز کے باوجود اس وقت نافذ العمل کوئی دوسرا قانون اور سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سمیت کسی بھی عدالت کے فیصلے، حکم یا حکم نامے، آئین کے آرٹیکل 62 کی شق (1) کے پیراگراف (ایف) کے تحت منتخب کیے جانے والے شخص کی نااہلی یا پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے برقرار رہنے کی مدت پانچ سال سے زیادہ نہیں ہو گی اور اس طرح اعلان قانون کے مناسب عمل کے تابع ہوگا۔
ترمیم میں مزید کہا گیا کہ نااہلی اور اہلیت کا طریقہ کار، طریقہ اور مدت وہی ہونا چاہیے جیسا کہ آئین کے آرٹیکل 63 اور 64 کی متعلقہ دفعات میں خاص طور پر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں قانون میں جہاں کہیں بھی اس حوالے سے کوئی طریقہ یا مدت فراہم نہیں کی گئی، اس ایکٹ کی دفعات لاگو ہوں گی۔