فلوریڈا،ٹرمپ کی رہائشگاہ میں داخلے کی کوشش کرنیوالا شخص ہلاک

امریکی سیکرٹ سروس نے ریاست فلوریڈا میں میں امریکی صدر ٹرمپ کی ذاتی رہائش گاہ مار اے لاگو میں غیر قانونی طور پر داخلے کی کوشش کرنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص شاٹ گن اور ایک فیول کین اٹھائے ہوئے تھا۔
پام بیچ کاؤنٹی کے شیرف رِک بریڈشا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 2 سیکرٹ سروس اہلکاروں اور ایک ڈپٹی شیرف نے مشتبہ شخص کو روکا اور اسے ہتھیار اور فیول کین زمین پر رکھنے کا حکم دیا۔
شیرف کے مطابق اس شخص نے پیٹرول کا کین تو نیچے رکھ دیا تاہم شاٹ گن کو فائرنگ کی پوزیشن میں اٹھا لیا، جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں مشتبہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ کسی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ اس وقت واشنگٹن میں موجود تھے اور واقعے کے وقت ریزورٹ میں نہیں تھے۔
حکام نے واقعے کے محرکات کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، ایف بی آئی نے تحقیقات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
