مرد کو9،خاتون کو7گولیاں لگیں،سانحہ ڈیگاری کےمقتولین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی

بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر قتل کیے گئے مرد اور خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول احسان اللہ کو نو اور بانو بی بی کو سات گولیاں ماری گئیں۔
یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں پیش آیا، جہاں ایک مرد اور خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا تھا۔
عدالتی حکم پر دونوں کی قبریں کھود کر لاشیں نکالی گئیں اور پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے پوسٹ مارٹم کے بعد رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ کے مطابق یہ دہرے قتل کی واردات 4 جون 2025 کو پیش آئی۔
واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کیا، اور اب تک 13 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
