ایران کی میزائل طاقت کا خاتمہ ہمارا ہدف ہے،مارکو روبیو کی سخت وارننگ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں پر انتہائی سخت اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کا واضح اور ناقابلِ تردید مشن ایران کی بیلسٹک میزائل صلاحیت کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے، تاکہ وہ خطے اور پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ نہ بن سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایران پر سنگین الزامات عائد کیے کہ اس نے خلیجی ممالک میں اندھا دھند حملے کیے، جن میں فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ غیر فوجی اہداف بھی نشانہ بنائے گئے۔ ان کے مطابق ہوٹلوں، رہائشی عمارتوں اور دیگر شہری مقامات پر 100 سے زائد میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں ابتدائی حملے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکہ نے بروقت اور پیشگی کارروائی کر کے بڑے پیمانے پر ممکنہ تباہی کو روکا، بصورتِ دیگر جانی نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔
کیا ایران کی موجودہ صورت حال کی ذمہ دار اسکی قیادت ہے؟
انہوں نے سخت الفاظ میں خبردار کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے پاس بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ ایٹمی صلاحیت بھی آ گئی تو وہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو یرغمال بنانے کی پوزیشن میں آ سکتا ہے — اور امریکہ ایسا ہرگز ہونے نہیں دے گا۔
