مریم نواز وزیراعظم بننے کی تیاری کررہی ہیں،راناثنااللہ کادعویٰ

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مریم نواز وزیراعظم بننے کی تیاری کررہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ شہباز شریف خود وزارت عظمیٰ مریم نواز کے حوالے کریں گے، لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ شہباز شریف کارکردگی کے بنیاد پر آئندہ بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں۔
انہوں نے کہاکہ مریم نواز کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ اس وقت ہوگا جب مسلم لیگ ن سمجھے گی کہ اب پارٹی کی اگلی نسل کو آگے آنا ہے۔
یاد رہے کہ ان دنوں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے، اور دنوں اطراف سے لفظی گولہ باری ہو رہی ہے۔
حال ہی میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی ایک پریس کانفرنس کے بعد مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں، ہر مسئلے کا حل بی آئی ایس پی نہیں۔
مریم نواز کے اس بیان کے بعد پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کیا، اور مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، لیکن وزیراعلیٰ پنجاب معافی مانگنے کے بجائے بیان پر بیان دے رہی ہیں۔
