مریم نواز نے ٹاک ٹوسی ایم کےنام سے پورٹل کاآغاز کردیا

پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ تک عوامی آرا اور تجاویز براہ راست پہنچانے کے لیے مریم نواز نے ’ٹاک ٹو سی ایم‘ کے نام سے اس منفرد پورٹل کا باضابطہ ڈیجیٹل آغاز کر دیا۔

سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر ’ٹاک ٹو سی ایم‘ پورٹل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ یہ پورٹل وزیراعلیٰ پنجاب تک براہ راست ابلاغ کا ایک جدید اور مؤثر ذریعہ ہے جس کے ذریعے نوجوان اپنے خیالات، تجاویز اور آرا پیش کر سکیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل میں 20 سال اور اس سے زائد عمر کے نوجوانوں کے لیے الگ سیکشن اور انٹرفیس قائم کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق اپنی تجاویز جمع کرا سکیں۔

سینیئر وزیر کے مطابق صوبہ بھر سے نوجوان وزیراعلیٰ کے پروگرامز اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے آئیڈیاز اور خیالات کا اظہار کر سکیں گے۔

نوجوان اس پورٹل پر اپنا نام اور مختصر معلومات فراہم کر کے اپنی تجاویز اور فیڈ بیک بھی شیئر کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سال 2026 کو ’یوتھ کا سال‘ قرار دیا ہے اور یہ پورٹل اسی وژن کا حصہ ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو حکومتی پالیسی سازی اور ترقیاتی عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’ٹاک ٹو سی ایم‘ پنجاب کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا پورٹل ہے جو نوجوانوں کو براہ راست وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اس پورٹل کے ذریعے نوجوان نہ صرف وزیراعلیٰ کے جاری پروگرامز اور منصوبوں پر اپنی رائے دے سکیں گے بلکہ مستقبل کی پالیسیوں کے لیے بھی قابل عمل تجاویز پیش کر سکیں گے۔

 

Back to top button