مریم نواز، پرویز رشید کی مبینہ آڈیو منظرعام پر آ گئی

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ، سینئر رہنما پرویز رشید کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، جس پر مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
آڈیو کو نجی ٹی وی چینلز پر نشر کیا گیا ہے تاہم اس کے اصل ہونے کے حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے، آڈیو کے دوران لیگی رہنما مبینہ طور پر کچھ صحافیوں کی ’جانبداری‘ کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

مریم کی آڈیو ٹیپ کو نجی ٹی وی ’’اے آر وائی نیوز‘‘ اور ’’سما نیوز‘‘ پر نشر کی گئی، ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔
آڈیو میں مبینہ طور پر پرویز رشید کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ان کا ایک پروگرام ’اسکور کارڈ‘ ہے جو کہ نجی چینل ’جیو نیوز‘ کا معروف شو ہے، مبینہ طور پر پرویز رشید مزید کہتے ہیں کہ صحافی حسن نثار، جوکہ مسلم لیگ ن کو بہت گالیاں دیتے ہیں شامل کیے گئے ہیں۔

آڈیو میں مریم نواز کہتی ہیں کہ اینکر پرسن ارشاد بھٹی بھی اس شو میں نظر آتے ہیں جس کے جواب میں پرویز رشید کہتے ہیں کہ ارشاد بھٹی بھی (ن) لیگ کے لیے نامناسب زبان استعمال کرتے ہیں۔
پرویز رشید کو مبینہ آڈیو میں یہ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے کہ مظہر عباس ہمارے خلاف رجحان رکھتے ہیں، ہمارے اوپر طنز اور مذاق اُڑاتے ہیں اور بعض اوقات چیزوں کو گھما کر پیش کرتے ہیں۔

مبینہ طور پرویز رشید کہتے ہیں کہ اس شو میں کوئی بھی ہمارا ترجمان نہیں ہے، ستار بابر آزادانہ رائے رکھتے ہیں اور کم از کم گالم گلوچ نہیں کرتے، تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی ہمارا نقطہ نظر نہیں بتاتے تھے لیکن وہ جیسا ہمارے ساتھ سلوک کرتے تھے عمران خان کے ساتھ بھی اسی طرح سلوک کرتے تھے، انہوں نے ان کو پروگرام سے ہٹادیا ہے اور ان کا کالم بھی روک دیا گیا ہے۔

اس موقع پر مبینہ آڈیوٹیپ میں مریم نواز کہتی ہیں کہ پہلے وہ حفیظ اللہ نیازی سے ان کی پینل سے برطرفی کی وجہ کے بارے میں پوچھیں گی اور پھر یہ معاملہ جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمٰن کے ساتھ اٹھائیں گی۔مبینہ طور پر ویز رشید کہتے ہیں کہ اس طرح تو یہ پروگرام غیر متوازن ہوگا کہ اگر عمران خان کے خلاف بات کرنے پر پابندی ہو اور ہمارے اوپر بھونکنے کے لیے کتے چھوڑ رکھے ہوں۔

جس کے جواب میں مبینہ طور پر مریم نواز کہتی ہیں کہ بے شک یہ تو جانبداری ہے جبکہ کلپ کے آخر میں مبینہ طور پر مریم نواز ہدایات دیتی ہیں کہ ان باسکٹ کا ایک جوڑا جو کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف آذربائیجان سے لائے تھے صحافی نصرت جاوید اور رانا جواد کو بھیجا جائے۔

اسرائیل کا جنگی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 پائلٹس ہلاک

مبینہ آڈیو کلپ پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) بلیک میل کرنے اور میڈیا کی آزادی کو کنٹرول کرنے کا وسیع تجربہ اور مہارت رکھتی ہے، ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ (ن) لیگ ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے میڈیا کو دباؤ میں رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مبینہ آڈیو کلپ نے مسلم لیگ (ن) کو بے نقاب کردیا کہ کیسی چالوں سے وہ میڈیا کو کنٹرول کر رہے تھے، مبینہ آڈیو ٹیپ میں اپنے بارے میں کی گئی بات پر ردعمل دیتے ہوئے مظہر عباس نے طنزیہ طور پر لیگی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی صحافت پر فخر ہے اور اپنے الفاظ کی ذمہ داری لیتا ہوں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں مظہر عباس کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات پر اتفاق کر لینا چاہیے کہ ہم کسی بات پر اتفاق نہیں کریں گے زبان اپنی اپنی، پرویز صاحب یہ پروگرام رپورٹ کارڈ ہے سکور کارڈ نہیں۔

Back to top button