وزیراعلیٰ مریم نواز نے پولیس اصلاحات کیلئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں پولیس اصلاحات کے لیے تین ماہ کی ڈیڈ لائن کا اعلان کرتے ہوئے جامع اقدامات کا منصوبہ جاری کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں پولیس ریفارمز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو فوری اقدامات کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھانوں کے باہر شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے پنک بٹن نصب کیے جائیں گے اور انویسٹی گیشن کے تمام مراحل کی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ پنجاب میں ایف آئی آر کی آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کروائی جائے گی اور شناختی کارڈ یا دیگر کاغذات کے گم ہونے کی ایف آئی آر آن لائن درج کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر پولیس اسٹیشن کے کم از کم 10 اہلکاروں کو باڈی کیم فراہم کی جائیں، جس کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صوبے بھر میں تقریباً 14 ہزار باڈی کیم اور 700 پنک بٹن نصب کیے جائیں گے۔

ساتھ ہی، پولیس اہلکار ہر شہری کو احترام کے ساتھ ’’سر‘‘ کہہ کر مخاطب کریں گے اور چھوٹی شکایات کو دو سے تین گھنٹوں کے اندر نمٹانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ناکوں پر بدتمیزی اور ’’اوئے‘‘ کلچر کے خاتمے کی بھی سخت ہدایت جاری کی گئی۔

Back to top button