سندھ ہاؤس حملے پر مریم نواز کا رد عمل

تحریک انصاف کی یوتھ ونگ کے کارکنان کی جانب سے سندھ ہاؤس پر حملے کے حوالے سے مریم نواز نے رد عمل کا اظہار کیا ہے. سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت تو نہیں بچا سکتے تاہم اگر کوئی بچی کھچی عزت ہے تو وہی بچا کے نکل جاؤ. ٹوئیٹر پر سندھ ہاوس حملے کی خبر کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے مریم نواز نے لکھا کہ آپ ایک منتخب حکومت تو ہو نہیں کہ ڈٹ جاو اس لیے اب غنڈہ گردی کا ہی آپشن رہ گیا ہے پر یہ بھی ہمیشہ الٹا ہی پڑتا ہے.
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا تھا. میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل کارکنان سندھ ہاوس کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے. مشتعل کارکنان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ سے بتایا گیا ہے. پی ٹی آئی کارکنان ہاتھ میں لوٹے پکڑے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سندھ ہاوس پہنچے. مشتعل کارکنان نے لاتیں مار مار کر سندھ ہاوس کے گیٹ کو توڑ ڈالا اور احاطے میں داخل ہو گئے. میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت کے ممبر قومی اسمبلی عطا اللہ نیازی بھی مشتعل کارکنان کے ہمراہ تھے.
تحریک انصاف کے کارکنان وزیر اعظم عمران خان کے حق میں مسلسل نعرے بازی بھی کرتے رہے. رپورٹس کے مطابق جب مشتعل کارکنان سندھ ہاؤس پہنچے تو وہاں تعینات سندھ پولیس تحریک انصاف کے کارکنان کے سامنے بے بس نظر آئی. کچھ دیر بعد جب اسلام آباد پولیس کی نفری سندھ ہاؤس پہنچی تو یہ بھی پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے میں ناکام رہی، تاہم کچھ دیر کی کارروائی کے بعد پولیس مشتعل کارکنان کو سندھ ہاوس سے باہر نکالنے میں کامیاب رہی.
حکومت بچ سکتی ہے، عمران خان کا وزیراعظم رہنا مشکل ہے
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے واقعے میں ملوث کچھ افراد کو گرفتار بھی کیا ہے. رہنما تحریک انصاف عطا اللہ اور فہیم خان بھی گرفتار کارکنان کے ساتھ پولیس وین پر چڑھ گئے جس کے بعد پولیس تحریک انصاف کے دونوں ایم این ایز اور گرفتار کارکنان کو لے کر سندھ ہاوس سے روانہ ہو چکی ہے. واضح رہے کہ اس سے قبل بھی تحریک انصاف کے کارکنان ریڈ زون میں موجود سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے احتجاج ریکارڈ کروایا تھا. احتجاج کو دھرنے میں بدل دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں مظاہرین نے دھرنا بھی ختم کر دیا تھا.
