مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا اعلان

 

 

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تقریبات 16 سے 18 جنوری تک لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔  لاہور میں گزشتہ کچھ روز سے ایک بڑی شادی سے متعلق چہ مگوئیاں جاری تھیں۔ یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی شانزے سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں۔ یہ افواہیں تب حقیقت کا روپ دھار گئیں جب شیخ روحیل اصغر نے خود اس شادی کی تصدیق کرتے ہوئے آنے والی تقریبات کی تفصیلات بھی میڈیا کے سامنے رکھ دیں۔

 

رشتے کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے شیخ روحیل اصغر نے بتایا کہ ان کی پوتی شانزے اور جنید صفدر کی بہن ماہ نور قریبی دوست ہیں اور دونوں خاندانوں کے درمیان آمد و رفت رہتی تھی۔ ان کے مطابق اس رشتے میں ماہ نور نے اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ انکی پوتی شانزے کی مریم نواز سے بھی ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں، اور غالباً اسی تعلق کے باعث مریم نے شانزے کے والد سے دونوں کی شادی کی بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کے بیٹے نے اس رشتے کے بارے میں ان سے مشورہ کیا تو انہوں نے اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی ایک معزز اور باوقار خاندان میں جا رہی ہے، اس لیے یہ رشتہ قبول کر لینا چاہیے۔

 

شیخ روحیل اصغر کے مطابق مریم نواز سے ملاقات کے بعد ان کے خاندان کو نواز شریف نے اپنے گھر مدعو کیا۔ اس ملاقات کے دوران شادی کی تاریخیں طے کی گئیں، جو 16، 17 اور 18 جنوری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ مہندی اور ولیمہ شریف خاندان کی جانب سے جاتی امرا میں منعقد ہوگا، جبکہ دلہن کے خاندان کی طرف سے استقبالیہ لاہور کے لیک سٹی گالف اینڈ کنٹری کلب میں دیا جائے گا۔ شیخ روحیل اصغر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شانزے گزشتہ تین ماہ کے دوران شادی کرنے والی ان کی تیسری پوتی ہیں، اور انہیں امید ہے کہ اس کی تقریبات بھی شاندار ہوں گی۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح اگست 2021 میں لندن میں ہوا تھا، جس میں مریم نواز شریک نہیں ہو سکی تھیں۔ اس شادی کی تقریبات کئی دن جاری رہیں۔ جنید اور عائشہ تقریباً دو سال تک ساتھ رہے، اس دوران انکی تصاویر سوشل میڈیا پر زیرِ گردش رہیں۔ اگرچہ ان کے درمیان اختلافات کی خبریں منظرِ عام پر نہیں آئیں، تاہم ان کی اچانک طلاق کی خبر سامنے آ گئی۔ جنید صفدر نے خود انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے طلاق کی تصدیق کی اور میڈیا سے اپنی نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے اپنی سابق اہلیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

 

عائشہ سیف خان سے طلاق کے بعد اسی سال شریف خاندان نے جنید صفدر کا رشتہ نواز شریف کے کزن جاوید شفیع کی پوتی سے طے کیا تھا۔ جاوید شفیع اتفاق گروپ آف انڈسٹریز کے اہم رکن ہیں۔ یہ رشتہ 48 سالہ عثمان جاوید کی بیٹی سے طے پایا تھا، جو ماڈل ٹاؤن لاہور میں مقیم ہیں، تاہم صرف ایک ماہ بعد یہ رشتہ باہمی رضامندی سے ختم کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جنید صفدر کا مؤقف تھا کہ عمر کے فرق کے باعث یہ رشتہ موزوں نہیں۔

اب مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اپنے بیٹے کا گھر دوبارہ بسانے کا فیصلہ کرتے ہوئے جنید صفدر کا رشتہ شیخ روحیل اصغر کے خاندان میں طے کر دیا ہے۔

 

شیخ روحیل اصغر مسلم لیگ (ن) کے سینئر اور دیرینہ رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ لاہور سے متعدد مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں اور طویل عرصے تک شریف خاندان کے قریبی ساتھی رہے۔ تاہم 2024 کے عام انتخابات سے قبل ان کے اور نواز شریف کے درمیان اختلافات سامنے آئے، جو بعد ازاں نمایاں ہو گئے۔ اس کے باوجود وہ 2024 کے انتخابات میں نون لیگ کے ٹکٹ پر لاہور سے انتخابی میدان میں اترے لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ اب دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات ختم ہو چکے ہیں اور جنید صفدر کے اس رشتے نے انہیں ایک بار پھر قریب کر دیا ہے۔ یوں جنید صفدر کی زندگی کا ایک نیا باب شروع ہونے جا رہا ہے اور دونوں خاندان شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

Back to top button