بھارت کےساتھ میچ،محسن نقوی کاICC کی درخواست پردوبارہ وزیراعظم سے رابطے کافیصلہ

ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے آئی سی سی کی درخواست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر اعظم شہبازشریف سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے آئندہ ایک دو روز میں ملاقات متوقع ہے، محسن نقوی آئی سی سی کی درخوست پر وزیراعظم سے ہدایات لیں گے۔
ذرائع کے کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لاہور قذافی سٹیڈیم میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے 4گھنٹے تک چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں بھارت کیخلاف میچ کھیلنےکیلئے منانے کی کوشش کی ۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےفوکس بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پررکھا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو جواب دیا ہےکہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا فیصلہ حکومت کا ہے اور بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکا فیصلہ بھی حکومت ہی کرےگی۔
آئی سی سی کی درخواست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وفد کو وزیراعظم شہبازشریف سے دوبارہ رابطے کی یقین دہانی کرادی۔جبکہ آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے کہا کہ پاکستانی موقف آئی سی بی بورڈ ممبران کے سامنے رکھاجائےگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ کی ملاقات میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں بنگلادیش کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
دوسری جانب سری لنکا کے بعد اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنےکے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سری لنکا نے بھی پاکستان سے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کی تھی۔
سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے باقاعدہ طور پر پی سی بی کو خط لکھا جس میں نشاندہی کی گئی کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول اس ہائی پروفائل میچ کی منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑےگا۔
خیال رہےکہ پاکستان بنگلا دیش سے اظہار یکجہتی کے طورپر ورلڈکپ میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا اعلان کرچکا ہے۔ بنگلا دیش نے بھارت میں سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جو آئی سی سی نے رد کردی تھی اور بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کرلیا۔
جوابی اقدام کے طورپر پاکستان نے بھارت سے راؤنڈ میچ کھیلنے سے انکار کیا ہے جس کے باعث آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان پہنچ سکتاہے ، پاک بھارت میچ کولمبو میں15 فروری کو شيڈول ہے۔
