مولانا فضل الرحمٰن کو اپوزیشن اتحاد کا سربراہ بنائے جانے کا امکان

سینئر سیاست دان محمود خان اچکزئی کو تحریک تحفظِ آئین کی قیادت سے ہٹا کر مولانا فضل الرحمٰن کو اپوزیشن اتحاد کا نیا سربراہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
سیاسی حلقوں میں اپوزیشن اتحاد کی قیادت میں ممکنہ تبدیلی زیر بحث ہے، جس کےمطابق تحریک تحفظ آئین کی سربراہی محمود خان اچکزئی سے لےکر مولانا فضل الرحمٰن کو دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں بطور قائد حزب اختلاف نامزد ہونے کے بعد محمود خان اچکزئی کو تحریک تحفظ آئین کی قیادت سے ہٹانے پر غور جاری ہے۔
دوسری جانب حکومت نے قائد حزب اختلاف کے طور پر محمود خان اچکزئی کے نام پر اعتراض اٹھا کر چیف وہپ عامر ڈوگر کو باضابطہ خط ارسال کردیا ہے۔
مرکزی رہنما تحریک انصاف عامر ڈوگر کا کہنا ہےکہ وہ اس خط کا جواب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے مشاورت کے بعد دیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے حکومتی اعتراضات مسترد کرتےہوئے قائد حزب اختلاف کےلیے محمود خان اچکزئی کے نام پر قائم رہنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
