مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کا علی امین گنڈاپور کے چیلنج کو قبول کرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کے بھائی اور رہنما جے یو آئی ف انجینیئر ضیاء الرحمان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہاکہ تمہاری اوقات نہیں کہ مولانا فضل الرحمان تمہارا چیلنج قبول کرے۔
جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے بھائی انجینئر ضیاا لرحمان نے ویڈیو بیان میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا الیکشن لڑنےکا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا ہے علی امین گنڈاپور تمہارا چیلنج قبول ہے،تمہاری اوقات نہیں کہ مولانا فضل الرحمان تمہارا چیلنج قبول کرے۔
ویڈیو بیان میں انجینیئر ضیا الرحمان نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تم مفتی محمود کے اس بیٹے سے مقابلہ کرکے دکھاؤ۔ مولانا فضل الرحمان نے تو تمہارے لیڈر کو اقتدار کی کرسی سے گھسیٹ کر نکالا تھا، تم اپنے بھائی سے استعفیٰ دلوا کر ان کا مجھ سے مقابلہ کراؤ۔
انجینیئر ضیاء الرحمان نے کہاکہ میں نے ڈی آئی خان کے چوک میں کھڑے ہوکر کہا تھاکہ اگر ان کا ڈی این اے کیا گیا تو یہ گنڈاپور نہیں نکلےگا۔گنڈاپور بہادر اور غیرت مند لوگ ہیں، لیکن یہ ان میں سے نہیں۔
ان کے مطابق علی امین گنڈاپور کے انداز گفتگو اور تکلیف سے انہیں معلوم ہو چکا ہےکہ ان کے چل چلاؤ کا وقت آچکا ہے۔
ضیاء الرحمان نے اپنے حامیوں کو بھی متحرک ہونےکی دعوت دی ہے اور کہاکہ وہ اپنے بھائی کے سیاسی اثرو رسوخ کو مزید مستحکم کریں گے۔
یاد رہے کہ اتوار کو لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا تھاکہ ڈی آئی خان میں میرے بھائی کےخلاف الیکشن جیت کر دکھائیں،مولانا فضل الرحمان نے الیکشن جیت لیا تو میں استعفیٰ دے دوں گا۔
