9 مئی کیسز: سزا یافتہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا عدالتوں سے ملنے تک ریلیف تک روپوش رہنے کا فیصلہ

9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے عدالتوں سے ریلیف ملنے تک روپوش رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں (جن کی اکثریت خیبرپختونخوا میں ہے) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ عدالتوں سے ریلیف ملنے کے بعد پارلیمانی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ق

قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے تاکہ ریلیف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ، شبلی فراز، حامد رضا اور زرتاج گل جیسے دیگر رہنما فی الحال قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کریں گے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے وکیل بابر اعوان کو ہدایت دی ہے کہ قانونی دستاویزات تیار کریں اور متعلقہ عدالت میں درخواست دائر کریں، دیگر رہنما بھی اسی طرح کا عمل اختیار کریں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ درخواستیں کن عدالتوں میں دی جائیں گی تو انہوں نے بتایا کہ یہ مختلف عدالتوں میں جمع کروائی جائیں گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ عدالت سے ضمانت حاصل ہونے تک وہ عوامی سطح پر نظر نہیں آئیں گے۔

گزشتہ ہفتے عمر ایوب نے اسلام آباد یا سپریم کورٹ کے احاطے میں چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات سے اس خدشے کے تحت انکار کر دیا تھا کہ جاری وارنٹس کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایم این اے عبد اللطیف پہلے ہی اسٹے آرڈر حاصل کر چکے ہیں اور دیگر رہنما بھی یہی قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو عبد اللطیف کی نشست خالی قرار دینے اور انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے سے روک دیا تھا۔ جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل بینچ نے ای سی پی اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا۔

یہ کارروائی ایم این اے عبد اللطیف کی اس درخواست پر کی گئی تھی جس میں انہوں نے 29 جولائی 2025 کو اپنی نشست خالی قرار دینے اور نااہلی سے متعلق ای سی پی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔ کیس کی اگلی سماعت 20 اگست کو مقرر ہے۔

دوسری جانب عمر ایوب اور دیگر پی ٹی آئی رہنما، جنہیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے پر 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں، اسی نوعیت کے ریلیف کے لیے پرامید ہیں۔

Back to top button