9 مئی مقدمات : عمر ایوب، زرتاج گل سمیت دیگر کو 10 سال قید کی سزا

فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے پر تشدد واقعات سے متعلق مختلف مقدمات کا فیصلہ سنادیا ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے 108 کارکنوں اور رہنماؤں کو سزائیں سنائی ہیں۔ مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ چند رہنماؤں کو بری کر دیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب،سینیٹر شبلی فراز اور زرتاج گل کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی جنید افضل ساہی کو بھی 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
دوسری جانب خصوصی عدالت نے فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال احمد کاسترو کو مقدمے سے بری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قراردیا کہ ان تینوں رہنماؤں کےخلاف شواہد ناکافی تھے،جس کے باعث انہیں شک کا فائدہ دیا گیا۔
عدالت نے غلام محمد آباد میں درج 9 مئی کےمقدمے میں 66 ملزمان میں سے 8 ملزمان کو بری کردیا جب کہ 58 ملزمان کو 10، 10 سال کی سزا سنائی۔ عدالت نے دو مقدمات میں 166 ملزمان کو 10 سال کی سزا سنائی۔
واضح رہےکہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پر تشدد مظاہرےہوئے تھے جن میں سرکاری اور عسکری عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ ان واقعات پر مختلف شہروں میں انسداد دہشت گردی کےمقدمات قائم کیےگئے تھے۔ فیصل آباد میں یہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔
یاد رہےکہ انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے گزشتہ ہفتے 22 جولائی کو 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کےمقدمے میں قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر سمیت پی ٹی آئی کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کےبعد الیکشن کمیشن نے احمد بچھر کو نااہل قرار دےدیا تھا، آج پنجاب اسمبلی میں اپویشن کے عہدے کو خالی قرار دےدیا گیا ہے۔
