سانحہ 9مئی کیس،اپوزیشن لیڈرملک احمدبچھرسمیت70ملزمان کو10،10سال قیدکی سزا

انسدادِ دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں ہونے والے احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر سمیت 70ملزمان کو10،10 سال قید کی سزا سنادی۔
رپورٹ کے مطابق سزا مقدمہ نمبر 72/2023 میں سنائی گئی، جو ضلع میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں درج کیا گیا تھا۔ ملزمان پر توڑ پھوڑ، سرکاری و نجی املاک کو آگ لگانے اور ہنگامہ آرائی جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے، جن کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔
مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں 50 سے زائد گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک احمد خان بچھڑ کے ساتھ ساتھ صدر سینٹرل پنجاب احمد چٹھہ اور سیکریٹری جنرل بلال اعجاز کو بھی سزا سنائی۔
سیاسی حلقوں میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک احمد خان بچھڑ کو سزا سنائے جانے کے بعد ان کی نااہلی اور ڈی سیٹ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد ملک بھر میں شدید احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
ان مظاہروں کے دوران لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر، فوجی اور نجی تنصیبات کو آگ لگا دی گئی، جب کہ سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ ان واقعات کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 290 کے قریب زخمی ہوئے۔
بعدازاں ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں میں ملوث 1900 سے زائد افراد کو گرفتار کیا، جن میں عمران خان، ان کی پارٹی قیادت اور متعدد کارکنان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے۔
