اقلیتی برادری کوطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،چیئرمین سی ڈی اے

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاواکاکہناے کہ اقلیتی برادری کو ترجیحی بنیادوں پرطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

01 2

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلام آباد ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوٹیشن (آئی ای ایس ایس آئی) کے زیر انتظام اقلیتوں اور مستحق افراد کی صحت و بہبود کے حوالے سے بدھ کے روز سیکٹر G-8/1 میں ہنسا کالونی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

02 2

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مقامی کرسچن کمیونٹی اور  سکولوں کے بچوں نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سمیت دیگر مہمانوں کا تقریب میں پرتپاک استقبال کیا۔

03 2

اس کیمپ کا انعقاد خصوصی طور پر دارالحکومت اسلام آباد کے اقلیتی علاقوں میں آباد مستحق افراد کی طبی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کیا گیا۔ اس فری میڈیکل کیمپ میں تقریباً 700 سے 1000 افراد تک مریضوں کو مفت تشخیص کے ساتھ فری ادویات بھی فراہم کی گئی۔

04

چیئرمین سی ڈی اے نے آئی ای ایس ایس آئی کے زیر انتظام لگائے فری میڈیکل کیمپ اور ڈسپنسری کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئی ای ایس ایس آئی کے اقلیتوں کیلئے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات تک صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

05

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس مرتبہ خصوصی طور پر اقلیتی کالونی کا انتخاب کیا گیا تاکہ وہاں کے شہریوں کو طبی سہولیات تک رسائی بہتر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کیمپ کے انعقاد سے معاشرے میں مثبت کردار کیساتھ انسانیت کی خدمت بھی کی جاسکتی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے دیگر حصوں میں بھی ایسے کیمپس کا اہتمام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق لوگوں تک رسائی ممکن اور معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں۔

06

تقریب میں کمشنر آئی ای ایس ایس آئی رابعہ اورنگزیب نے چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ افسران کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ کا مقصد محض ورکرز تک ہی محدود نہیں بلکہ اقلیتی اور محروم طبقات کو بھی طبی سہولیات میں شامل کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر مریضوں میں مفت میڈیکل کٹس تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں مہمانان خصوصی اور دیگر معاونین کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ علاوہ ازیں، تقریب کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے اور شرکاء نے معاشرے میں صحت کے حوالے سے اہم اقدامات اور انسانی خدمت کے پروگرام کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

Back to top button