عمران خان کے جیل میں علاج اور طبی معائنے کا ریکارڈ طلب

پنجاب کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِاعظم عمران خان کے علاج اور طبی معائنے سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جیل حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عمران خان کے تمام وائٹل سائنز کا تفصیلی چارٹ فراہم کریں، جس میں بلڈ پریشر، نبض، درجہ حرارت اور شوگر لیول سمیت دیگر طبی علامات شامل ہوں۔

اس کے ساتھ ساتھ کنسلٹنٹس کی رپورٹس بھی مانگی گئی ہیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ کس تاریخ کو اور کس میڈیکل اسٹاف نے جیل میں ان کا طبی معائنہ کیا۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آن ڈیوٹی ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ ان کے وائٹل سائنز چیک کر کے ریکارڈ مرتب کرتا ہے۔

حکومت کی جانب سے آنکھوں کے معائنے کے لیے انہیں اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے الشفا آئی ہسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں، ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر امجد پر مشتمل خصوصی پینل تشکیل دیا گیا ہے، جو آنکھوں کے مکمل معائنے اور علاج کی نگرانی کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پینل میں شامل دونوں ڈاکٹرز کا شمار ملک کے ممتاز ماہرینِ امراضِ چشم میں ہوتا ہے اور ان کی نگرانی میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Back to top button