وزیر اعظم سے منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کی دبئی میں ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف سے منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کی دبئی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان کےلیے آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا، کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف کے تعاون سے چلنےوالے پروگرام کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ملکی معیشت استحکام کےبعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
گزشتہ روز دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کےموقع پر ہونےوالی اس ملاقات کے بعد اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اعلامیے کےمطابق ملاقات میں میکرو اکنامک استحکام اور آئی ایم ایف پروگرام پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام پر موثر عمل درآمد پر حکومتی کاوشوں کو سراہا جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ادارہ جاتی اصلاحات کےنفاذ پر پاکستان کےعزم کو اجاگر کیا۔
اعلامیے کےمطابق وزیر اعظم نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنےپر بھی پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت کےتحت ہونےوالی پیش رفت پر گفتگو کی اور ٹیکس اصلاحات،توانائی کےشعبے سمیت دیگر سیکٹرز میں بہتری لانےکے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو معاشی استحکام،موثر کارکردگی اور پائیدار منصوبہ بندی کے لائحہ عمل کےلیے حکومتی عزم کا بھی یقین دلایا۔
ضلع کرم کے 121 سال پرانے تنازع کے مستقل حل کےلیے کوششیں جاری ہیں : علی امین گنڈاپور
ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے ملک کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کےلیے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور ذاتی عزم کی بھی تعریف کی،جنہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کےحصول میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے طویل المدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کےلیے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط،ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کےلیے آئی ایم ایف کے عزم کا اعادہ کیا۔
