عمران خان سے ملاقات کا معاملہ : سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر گوہر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت علیمہ خان کو حراست میں لیے جانے کے بعد خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچی تھی جہاں بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔جس دوران پارٹی رہنما صلح کےلیے کردار بھی ادا کرتے رہے۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر کے نام اڈیالہ جیل میں دی گئی فہرست میں شامل نہ تھے، پی ٹی آئی کے اراکین نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی ملاقات پر اعتراض اٹھائے،عاطف خان، شبلی فراز اور عمر ایوب نے بھی ملاقاتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
ذرائع کےمطابق بیرسٹر گوہر نے ملاقات کےلیے اڈیالہ جانے کے پیچھے کسی مقصد کا نہ ہونے بتایا جب کہ سلمان اکرم راجا عمران خان کی ملاقاتوں کےلیے احکامات پر عمل درآمد پر زور دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سخت جملوں کے تبادلوں پر بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے مؤقف دینے سے گریز کیا۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز عمران خان سے جیل میں ملاقات کےلیے 6 وکلا رہنماؤں کو اجازت ملی تھی جن میں بیرسٹر گوہر،بیرسٹر علی ظفر،مبشر مقصود اعوان، ظہیر عباس چوہدری، علی عمران اور خاتون رہنما رضیہ سلطانہ شامل تھیں۔
پارٹی ارکان نے بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر کی ملاقات پر تشویش کا اظہار کیاتھا۔
