عمران خان سے ملاقاتیں معمول کے مطابق کروائی جارہی ہیں : اڈیالہ جیل حکام

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے حکام نے واضح کیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے سینٹرل جیل راولپنڈی میں ملاقاتیں معمول کےمطابق اور باقاعدگی سےکروائی جارہی ہیں۔

جیل حکام کا کہنا ہےکہ چند عناصر کی طرف سے ملاقات نہ کروائے جانے کا جھوٹا اور بےبنیاد پروپیگنڈہ محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے،جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہے۔

حکام نے کہاکہ میڈیا کوریج اور خبروں کی سرخیوں میں رہنے کےلیے گمراہ کن اور اس نوعیت کی بےبنیاد خبروں کی بھر پور تردید کی جاتی ہے۔

بیان میں کہاگیا ہےکہ سینٹرل جیل راولپنڈی میں عمران خان اور بشری بی بی سے فیملی ممبرز اور وکلا کی ملاقات کے علاوہ عمران خان کی بیرون ملک مقیم بیٹوں سے واٹس اپ پر بات چیت کروائی گئی۔

جیل حکام کا کہنا تھاکہ فیملی ممبرز مہر انسا،مبشرہ شیخ کی بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی گئی جب کہ عمران خان کی بچوں قاسم خان، سلیمان خان سے واٹس اپ کال پر بات کرائی گئی۔

علاوہ ازیں عمران خان سے بیرسٹر علی ظفر،بیرسٹر گوہر، ظہیر عباس ایڈووکیٹ،مبشر مقصود ایڈوکیٹ،رضیہ سلطان ایڈووکیٹ اور علی عمران ایڈووکیٹ کی ملاقات کرائی گئی۔

عمران خان کی بہنوں سمیت تمام خواتین رہا، دھرنا ختم

واضح رہےکہ عمران خان سے اہل خانہ اور رہنماؤں کی ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے جیل کے قریب احتجاج اور پتھراؤ کیا گیا۔

پولیس نے عمران خان کی بہنوں،عالیہ حمزہ، صاحبزادہ حامد رضا و دیگر کو حراست میں لینے کےبعد رہا کر دیا جس کے بعد انہوں نے ایک ہال میں دھرنا دے دیا۔

Back to top button