مہوش حیات ہنی سنگھ سے پیچے لڑانے پر تنقید کی زد میں

مقبول اداکارہ مہوش حیات کی بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ ملاقات کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بھارتی گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے دو دن قبل مہوش حیات کے ساتھ ملاقات کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کو زندہ دل قرار دیا تھا۔ان کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں گلوکار اور اداکارہ کو ایک دوسرے کے انتہائی قریب دیکھا جا سکتا ہے اور تصویر میں مہوش حیات مسکراتی دکھائی دیتی ہیں۔
گلوکار کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی اسے شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
مہوش حیات کی ہنی سنگھ کے ساتھ تصویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ ان سے قبل ہانیہ عامر بھارتی گلوکار بادشاہ سے ملنے بیٹھ گئی تھیں اور یہ ہنی سنگھ کے ساتھ ملنے بیٹھ گئیں۔
بعض صارفین نے کمنٹس کیے کہ پاکستانی اداکارائیں بھارت کے ہندو اداکاروں کے ساتھ ملنے اور ان کے تصاویر کھچوانے پر خوش ہوتی ہیں۔
کچھ لوگوں نے کمنٹس کیے کہ ممکنہ طور پر مہوش حیات نے اداکارہ ہانیہ عامر سے متاثر ہوکر بھارتی گلوکار کے ساتھ تصویر کھچوائی ہوگی۔
خیال رہے کہ معروف بھارتی میوزک ریپر یو یو ہنی سنگھ اور پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ گلوکار ہنی سنگھ نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر جاری کی تھی جس میں ان کے ساتھ مہوش حیات کو دیکھا جاسکتا ہے۔تصویر میں دونوں فنکار سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس تھے اور دونوں نے ہی سلور گھڑی پہنی ہوئی تھی اور تصویر کے لیے پوز دے رہے تھے۔بھارتی ریپر نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ “مہوش حیات ایک زندہ دل خاتون ہیں”۔ ہنی سنگھ نے کیپشن میں صوفی، شاعری اور میوزک جیسے الفاظ کو بطور ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ یو یو ہنی سنگھ کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ “مجھے آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی”۔آپ ناقابل یقین ذہانت اور متاثرکن شخصیت کے مالک ہیں‘۔
خیال رہے کہ مہوش حیات نے ٹیلی وژن سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی 5 سال تک وہ صرف ڈراموں میں ہی دکھائی دی تھیں۔ڈراموں میں ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا اور اپنی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس وقت مہوش حیات نے گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی کی اور کوک اسٹوڈیو میں انہوں نے آواز کا جادو بھی جگایا۔تاہم بعد ازاں انہوں نے خود کو چھوٹی اسکرین سے دور کرنے سمیت موسیقی سے بھی دور کردیا اور وہ فلموں تک محدود رہیں۔مہوش حیات کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا، جس کے بعد انہیں صرف فلموں میں دیکھا گیا اور ان کی متعدد فلمیں بلاک
بسٹر ثابت ہوئیں۔
