گوشوارےجمع کرانےوالے23ارکان کی رکنیت بحال

الیکشن کمیشن نے مالی گوشوارے جمع کرانے والے23 ارکان کی رکنیت بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گوشوارے جمع کرانے پر مزید 23 ارکان کی رکنیت بحال کی گئی ہے، جن میں سائرہ افضل تارڑ سمیت 11 ارکانِ قومی اسمبلی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر مصدق ملک سمیت 2 سینیٹرز کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی ہے۔
سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے تین تین جبکہ پنجاب اسمبلی کے بھی تین ارکان کی رکنیت بحال ہوئی ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے رکن نعی خان بازئی کی رکنیت بھی واپس کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے قبل ازیں گوشوارے جمع نہ کرانے پر 159 ارکان کی رکنیت معطل کی تھی، جن میں سے اب تک 113 ارکان کی رکنیت بحال ہو چکی ہے، تاہم مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر 46 ارکان کی رکنیت تاحال معطل ہے۔
