مشرق وسطیٰ جنگ کے اثرات، یورپ میں گیس کی قیمتیں دگنی،تیل 119 ڈالر پر جا پہنچا

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات یورپ تک پہنچ گئے ہیں ، جہاں گیس کی قیمتیں دگنی جبکہ تیل 119 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں آئل اور گیس کی تنصیبات پر حملوں کے بعد عالمی توانائی کی مارکیٹ میں قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق برینڈ کروڈ آئل کی قیمت ابتدائی طور پر 119 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، تاہم بعد میں یہ تقریباً 106 ڈالر فی بیرل پر مستحکم ہy۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکسس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 93 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
مغربی میڈیا کے مطابق یورپ اور برطانیہ میں گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ میں گیس کی قیمتیں تقریباً 35 فیصد بڑھ گئیں، جبکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے بعد یورپ میں گیس کی قیمت تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی کی تنصیبات پر حملوں کے باعث عالمی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ایران جنگ سےدنیا بھر میں توانائی بحران سنگین ہونے کاخدشہ
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی غیر فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں محدود ردعمل دیا ہے اور کشیدگی کم کرنے کے مطالبات پر تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو مزید سخت ردعمل دیا جائے گا، اور کسی بھی ممکنہ جنگی صورتحال میں شہری علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ ضروری ہوگا۔
