مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرنے کےلیے تیار ہے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کےلیے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کےلیے تیار ہے۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایران پر حملوں کی مذمت کی اور کہاکہ پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی کی کوششوں میں حصہ دار بننے کا خواہاں ہے۔پاکستان کشیدگی میں کمی کےلیے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کےلیے تیار ہے،پاکستان نے پہلے بھی تنازعات کے حل کےلیے کامیابی سے ثالثی کا کردار ادا کیاتھا۔
وزیر اطلاعات نے افغان طالبان کا ہاسپٹل پر بمباری کا الزام بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج نے افغانستان میں شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، پاک فوج کے حملے دہشت گردی پھیلانے والے کیمپوں پر مرکوز رہے،افغان طالبان پہلے بھی گمراہ کن خبریں پھیلا چکے۔
چین کا ایران، اردن، لبنان اور عراق کیلئے ہنگامی امداد کا اعلان
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم کو فیصلہ کرنا ہوگاکہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ ہے یا پاکستان کے ساتھ۔پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں،افغانستان میں دہشت گردوں یا افغان طالبان رجیم کے انفراسٹرکچر پر حملے کیے گئے،پاکستان کا مؤقف واضح ہےکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے۔
