مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستانی سٹاک مارکیٹ پر بھی نظر آنے لگے

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستان کی سٹاک مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے، جہاں کاروباری ہفتے کے آغاز پر شدید مندی کا رجحان غالب نظر آ رہا ہے۔
کاروبار کے آغاز پر ہی فروخت کا دباؤ بڑھ گیا اور پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی لمحات میں انڈیکس 15,344 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 152,717 کی سطح تک گر گیا۔ بعد ازاں کچھ بہتری کے باوجود انڈیکس 14,733 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 153,329 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
شدید مندی کے باعث انڈیکس میں مجموعی طور پر 8.97 فیصد کمی واقع ہوئی، جس پر مارکیٹ میں سرکٹ بریکر کا اطلاق کر دیا گیا اور کاروبار 45 منٹ کے لیے معطل کر دیا گیا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 9.42 فیصد گرنے پر 45 منٹ کے لیے بند کر دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں دباؤ بڑھ گیا ہے۔
