مشرق وسطیٰ کشیدگی: چین کا ثالثی کیلئے خطے میں خصوصی نمائندہ بھیجنے کا اعلان

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اعلان کیا ہے کہ چین خطے میں سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا خصوصی نمائندہ بھیجے گا۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ ای نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور جاری تنازعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران چینی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے تحمل اور تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کے مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے اور اس سرخ لکیر کو عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔
وانگ ای نے خبردار کیا کہ توانائی کی تنصیبات یا دیگر غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے سمندری راستوں کا محفوظ رہنا بے حد ضروری ہے، اس لیے چین اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
چینی وزیر خارجہ کے مطابق بیجنگ کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کو فروغ دینے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
