مشرق وسطیٰ کشیدگی: اسحاق ڈار کی مصراور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں ، آج اسلام آباد میں ہونیوالے چار مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں مصر اور کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ملاقاتیں کیں۔اور ان کا خیرمقدم کیا۔

مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا۔ ملاقات میں نومبر 2025 میں مصر کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے بعد سامنے آنے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کو دہرایا گیا۔

دونوں وزراء نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس ضمن میں مشترکہ وزارتی کمیشن اور کاروباری اداروں کے مابین روابط کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔

صحت کے شعبے میں تعاون، خاص طور پر ہیپاٹائٹس سی کے انسداد کے حوالے سے مصر کی معاونت کو سراہا گیا اور اس شعبے میں جاری کوششوں کا خیرمقدم کیا گیا۔

دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کی پیش رفت پر دونوں فریقین نے اطمینان کا اظہار کیا اور تربیتی تبادلوں اور دیگر ادارہ جاتی اقدامات کے ذریعے تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

علاقائی و بین الاقوامی صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی، پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تحمل، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

مشرق وسطیٰ کشیدگی: چار مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کی اہم بیٹھک آج اسلام آباد میں ہوگی

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج کی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کو سراہا۔

دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور مصر کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم بھی دہرایا گیا۔

مصر کے وزیر خارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے، جس میں 19 مارچ 2026 کو ریاض میں ہونے والی ملاقاتیں بھی شامل ہیں، اور یہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور مصر کے قریبی تعلقات کا مظہر ہے۔

Back to top button