ملائیشیا-تھائی لینڈ سرحد پر تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی ، 300افراد لاپتہ

ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی سرحد کے نزدیک تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 300 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں، جبکہ 10 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ تین دن قبل پیش آیا، جس میں ایک کشتی میں میانمار، روہنگیا اور بنگلا دیشی تارکین وطن سوار تھے۔ مزید دو دیگر کشتیوں کے بھی لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملائیشیا آنے والے 300افراد پہلے ایک بڑے جہاز میں سوار تھے، جس کے بعد انھیں تین چھوٹی کشتیوں میں 100،100 افراد کی بنیاد پر منتقل کیا گیا۔

ملائیشین میری ٹائم اتھارٹی نے بتایا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ساحلی علاقوں میں ڈوبے ہوئے کشتیوں کی نشاندہی کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر جنوب مشرقی ایشیا میں انسانی اسمگلنگ کے خطرات اور تارکین وطن کی زندگیوں کے لیے موجود سنگین خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔

Back to top button