وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی برطانوی وزراء سے ملاقاتیں

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے برطانوی وزیر داخلہ اور نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کےلیے مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو ہوئی۔ برطانوی وزرا نے غیر قانونی امیگریشن کے خاتمے کےلیے حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے لندن میں برطانوی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر،نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکز اور انجیلا ایگل سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں سرحدی سکیورٹی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر طلال چوہدری نے برطانوی وزرا سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن اور منظم جرائم کے خاتمے کےلیے سرگرم ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کےلیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیرہے۔
طلال چوہدری نے برطانوی حکام سے غیر قانونی امیگریشن کے خاتمے اور قانونی راستوں کے فروغ پر گفتگو کی اور کہاکہ قانونی راستوں اور امیگریشن کے فروغ کےلیے اقدامات ضروری ہیں۔
ملاقات میں برطانوی وزرا نے غیر قانونی امیگریشن کے خاتمے کےلیے حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور برطانوی نائب وزیرخارجہ ہمیش فالکز نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے چند ماہ قبل کی ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے جرمنی،اسپین، آسٹریا اور پولینڈ کے وزرائے داخلہ سے بھی ملاقاتیں کیں اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔