عدم اعتماد پر قومی اسمبلی اجلاس،ایم این اے علی وزیرجیل سےاسلام آبا دمنتقل
کراچی کی سنٹرل جیل میں قید پشتون تحفظ موومنٹ کے ایم این اے علی وزیر کو قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کیلئے کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
سینٹرل جیل کراچی کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت سندھ نے سندھ ہاؤس اسلام آباد کو سب جیل قرار دیتے ہوئے علی وزیر کو اسلام آباد منتقل کیا۔
سندھ کے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ ہاؤس کے کمرہ نمبر 214 کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو درخواست دی تھی کہ قومی اسمبلی اجلاس کیلئے ایم این اے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔
واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن علی وزیر ریاست کیخلاف نعرے لگانے یا نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں31 دسمبر 2020 سے کراچی کی سنٹرل جیل میں قید ہیں،میرانشاہ میں بھی ان پرانہی الزامات کے تحت کئی مقدمات درج ہیں۔
ناظم جوکھیو قتل کیس:نامزد ملزم جام عبدالکریم پاکستان پہنچ گئے
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے آج ہونیوالے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث ہونا تھی ، تاہم ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی مزید کارروائی اتوار 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔