موبائل فون ایپس سے کیا کچھ سیکھا جا سکتا ہے؟

موبائل فون دور حاضر کی اولین ضرورت بن گئی ہے لیکن اس کو سوشل میڈیا کے استعمال کے علاوہ معلوماتی اور بہت کچھ سیکھنے کیلئے بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے، پلے سٹور پر بے شمار ایسی ایپس موجود ہیں جوکہ آپ کی مختلف شعبوں میں رہنمائی کر سکتی ہیں۔ماضی قریب میں ایسی بے شمار سمارٹ فونز اپیلی کیشنز متعارف ہوئی ہیں جن کے ذریعے آپ مختلف زبانوں اور موسیقی وغیرہ کی تعلیم بآسانی حاصل کر سکتے ہیں، ان ایپلی کیشنز کا استعمال کورونا وائرس کی وبا کے دوران بہت زیادہ ہو گیا تھا جب ’گھر سے کام‘ کرنے کی نوبت آئی تھی۔یہ درست ہے کہ مختلف زبانوں کے ترجمہ کے لیے گوگل اور ایپل کی اپنی ایپلی کیشنز موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے تاہم بعض لوگوں نے ورک فرام ہوم کے دوران دوسری زبانیں سیکھنے میں خصوصی دلچسپی لی۔ڈولینگو اور میمرائز ایپس میں بعض کورسز مفت جبکہ کچھ ایڈوانس کورسز معمولی فیس کے عوض پیش کیے جاتے ہیں اگر آپ کی مصروفیت کچھ ایسی ہے کہ آپ روزانہ کم از کم 45 منٹ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہیں تو اس دوران آپ بلومبرگ کنیکٹس اور گوگل آرٹس اینڈ کلچر ایپس کا استعمال کرتے ہوئے دنیا کے عجائب گھروں کا نظارہ اپنے سمارٹ فون پر روزمرہ کے سفر کے دوران کر سکتے ہیں۔بلومبرگ کنیکٹس میں دنیا کے مختلف ممالک کے بارے میں 200 سے زیادہ فہرست موجود ہے، گوگل آرٹس اینڈ کلچر ایپ میں دنیا کے مختلف ممالک کی تین ہزار سے زائد سیاحتی اور ثقافتی معلومات تصاویر اور ویڈیوز کی صورت میں پیش کی جاتی ہیں، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس فونز پر’ٹی ای ڈی ٹاکس‘ ایپ پر جدید ٹیکنالوجی، سائنس، ثقافت اور دیگر موضوعات کے حوالے سے جدید ترین ریسرچ اور معلوماتی پروگرامز فراہم کیے گئے ہیں جو بالکل مفت ہیں انہیں آپ اپنے فون پر ڈاؤن لوڈ کرکے بعد میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ایپ سٹور پر متعدد ایسی ایپلیکیشنز موجود ہیں جن کے ذریعے آپ سمارٹ فون کی کوڈنگ اورڈی کوڈنگ کے بارے میں اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں، ’سولو لرن‘ ایپ کے ذریعے کمپیوٹر لینگویج کے شارٹ کورسز مفت فراہم کیے گئے ہیں جبکہ ایڈوانس کورسز کے لیے آفرز بھی دی جاتی ہیں جن کی سالانہ فیس 70 ڈالر تک ہوتی ہے۔اگرآپ کسی بھی حوالے سے اپنی قابلیت کو جانچنا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے ’نالج ٹرینر‘ کے عنوان سے ایپ موجود ہے جس میں مختلف موضوعات پر چھ ہزار سے زائد سوالات پیش کیے جاتے ہیں جن میں سے آپ اپنے مطلوبہ فیلڈ کا انتخاب کرتے ہوئے اس میں اپنی صلاحیت و قابلیت کی جانچ کر سکتے ہیں۔ ایڈوانس ورژن جس میں اشتہارات نہیں ہوتے اسے صرف چھ ڈالر سالانہ فیس کے ساتھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔نالج میں اضافے کے لیے بھی ’دماغی ورزش ‘ کے عنوان سے ایپ موجود ہیں جن کے ذریعے نہ صرف آپ اپنی معلومات میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ کھیل کے ذریعے آپ بہت کچھ سیکھ بھی سکتے ہیں۔ ابتدائی ورژن مفت جبکہ ایڈوانس ورژن کی سالانہ فیس 40 ڈالر ہے۔