سی ڈی اے کا اسلام آباد میں جدید کنونشن اور ایکسپو سینٹر کی تعمیر کا فیصلہ

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جدید اور بین الاقوامی معیار کے کنونشن سینٹر اور ایکسپو سینٹر کے قیام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کےلیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اہم پیش رفت کا آغاز کر دیا ہے۔اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد میں جدید کنونشن سینٹر اور ایکسپو سینٹر کے قیام سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی کانفرنسوں اور آئندہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے انعقاد سے قبل اس منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کنونشن اور ایکسپو سینٹر کی تعمیر کےلیے موزوں مقام کے انتخاب پر مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے جہاں عوام کی آسان رسائی کے ساتھ ساتھ بہتر اور وسیع پارکنگ کی سہولیات دستیاب ہوں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے واضح کیا کہ کنونشن اور ایکسپو سینٹر کی تعمیر میں بین الاقوامی معیار کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے اور یہ منصوبہ اسلام آباد کو ایک جدید اور عالمی سطح کے دارالحکومت میں تبدیل کرنے کی جانب اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت کے فروغ کےلیے لگژری ہوٹل کی تعمیر سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے ٹینڈرنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ آئندہ سال اس پر عملی کام کا آغاز ممکن ہو سکے۔ انہوں نے تمام منصوبوں میں اوپن اور شفاف مقابلہ جاتی نظام کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان میگا ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے نہ صرف شہر کی خوبصورتی اور ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ اسلام آباد کی بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی کی صلاحیت بھی نمایاں طور پر بڑھے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد قومی و بین الاقوامی تقریبات، سیاحت اور سفارتی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز بن کر ابھرے گا اور وفاقی دارالحکومت کو دنیا کے بہترین اور مثالی شہروں کی صف میں شامل کرنے کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
