محمد حفیظ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، آل رائونڈر کا 18 سالہ کیرئیر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
قومی آل رائونڈر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے فیصلے پر کسی قسم کوئی افسوس نہیں، اپنے کیرئیر سے مکمل مطمئن ہوں۔محمد حفیظ نے مزید کہا کہ ہمیشہ پاکستان کے جھنڈے کو اوپر کرنے کی کوشش کی، میری ترجیح رہی کہ جتنا کھیلوں، عزت سے کھیلوں۔
قومی آل رائونڈر نے 18سال قبل زندگی کا بہترین سفر شروع کیا، جب تک فٹ رہا لیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا، انھوں نے اپنے والدین کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں والدین کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔قومی آل رائونڈر نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ باعث فخر رہا، اس دوران کوئی لالچ مطمع نظر نہیں رہا، ایسا تاثر دینا کہ آئندہ ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے مس فٹ ہوں، ٹھیک نہیں ہے۔
عمران وقت سے پہلے نئے آرمی چیف کا اعلان کرسکتے ہیں؟
محمد حفیظ ورلڈ کپ کے پہلے میچ کو کیرئیر کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس ٹیم کا حصہ رہا جب بھارت کو شکست دی اور آئندہ کے لیے اس تاثر کو زائل کردیا کہ پاکستان اپنے حریف بھارت کو شکست نہیں دے سکتا۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ 7 دسمبر 2018 کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔غیرقانونی باؤلنگ ایکشن اور خراب فارم کے باعث محمد حفیظ کا کیریئر خصوصاً ٹیسٹ کرکٹ میں انہیں مسائل کا سامنا رہا اور حالیہ عرصے میں وہ وقتاً فوقتاً ٹیم سے ڈراپ ہوتے رہے۔
