محسن نقوی کی اعصام الحق کو ٹینس کےفروغ کیلئے تعاون کی یقین دہانی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی کی ملاقات،ٹینس کے فروغ کیلئےہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں میں ملک میں ٹینس کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعصام الحق نے اسلام آباد میں ٹینس کورٹس کی کمی اور موجودہ سہولیات سے متعلق مسائل سے چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا۔ اس پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے یقین دلایا کہ نہ صرف مسائل حل کیے جائیں گے بلکہ نئے ٹینس کورٹس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جس طرح کرکٹ میں ٹیلنٹ ہے، اسی طرح پاکستان میں ٹینس کے میدان میں بھی صلاحیتوں کی کمی نہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ ٹینس کے میدان میں بھی ہمارے نوجوان ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں میں پیڈل ٹینس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، اور پی سی بی اس نئے کھیل کو فروغ دینے کے لیے بھی بھرپور تعاون کرے گا۔
اعصام الحق قریشی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی کو مبارکباد پیش کی اور کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹینس انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے مثبت اقدامات پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد بھی موجود تھے۔
