محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، صدر نے جنگ میں ایران کی حمایت پر پاکستان کا شکر ادا کیا

تہران میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات میں محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیر اعظم شہبازشریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ ایرانی صدر نے جنگ میں ایران کی حمایت پر پاکستان کا شکر ادا کیا۔
وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو اسرائیل کے خلاف جنگ میں عظیم کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور کہاکہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بصیرت افروز قیادت اور مؤثر حکمت عملی نے اس فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا،جو پوری امت مسلمہ کےلیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے اس موقع پر واضح کیاکہ پاکستان نے ایران پر حملے کی ہر سطح پر شدید مذمت کی اور سب سے پہلے پاکستانی پارلیمنٹ نے مذمتی قرارداد منظور کرتےہوئے ایران کے اپنے دفاع کے حق کی بھرپور حمایت کی۔
محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کا نیک تمناؤں اور احترام پر مبنی پیغام ایرانی صدر تک پہنچایا۔
گروپ آرگنائزرکےبغیرزائرین عراق نہیں جا سکیں گے،محسن نقوی
پاکستانی وفد سے گفتگو میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے اور جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ صہیونی حکومت مسلم دنیا میں تفرقہ اور کمزوری پیدا کرنا چاہتی ہے،اس لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔اگر مسلم ممالک اسلامی یکجہتی کی اہمیت کو سمجھ لیں تو صہیونی عزائم کےخلاف مضبوط محاذ قائم کیا جاسکتا ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے پاک ایران دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی روابط اور تعمیری مکالمے کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی مخلصانہ حمایت پر دوبارہ شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس باہمی تعاون کو وسعت دینے کے بےشمار امکانات موجود ہیں۔
