محسن نقوی سے ملاقات میں اطالوی ہم منصب کا پاکستان کو ساڑھے 10 ہزار سکلڈ ویزے دینے کا اعلان

اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے اعلان کیا ہے کہ لیگل مائیگریشن کے تحت پاکستانی ہنر مند مزدوروں کو 10,500 ویزے فراہم کیے جائیں گے۔ اور پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ ہو گا۔
یہ اعلان اس موقع پر سامنے آیا جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روم میں اپنے اطالوی ہم منصب سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے داخلی سکیورٹی تعلقات، غیر قانونی ہجرت کی روک تھام، انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
میٹیو پینٹے ڈوسی نے کہا کہ محسن نقوی کے سابقہ مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا استثنیٰ فراہم کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان کی غیر قانونی ہجرت، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف پالیسیوں کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں ممالک لیگل مائیگریشن کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
