وزیراعظم سےمحسن نقوی کی ملاقات،ٹی20ورلڈکپ میں شرکت کیلئےآپشنزپرغور

وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی ہے، ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سےممکنہ آپشنز پر غور کیا گیا۔

محسن نقوی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مابین حالیہ صورتحال پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز زیر غور رہیں۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائےگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم  شہبازشریف کو بتایا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک قانون اور دیگر ممالک کے لیے دوسرا قانون لاگو کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی میزبانی قبول نہیں کی تھی، جس کے بعد اسے متبادل وینیو فراہم کیا گیا۔

محسن نقوی نے مزید بتایا کہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا، مگر آئی سی سی نے انہیں متبادل وینیو دینے کے بجائے ورلڈکپ سے خارج کر دیا۔

انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو شمولیت کے عوض حاصل ہونے والی رقم بھی نہیں ملے گی، تاہم بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کی صورت میں نقصان زیادہ بھارت کو ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی نے وزیراعظم کو پاکستان کی شمولیت یا عدم شمولیت کے ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ سے بنگلا دیش کی بے دخلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے احتجاج کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔

 

Back to top button