محسن نقوی کی پاکستان کی غیرقانونی شہریت رکھنے والوں کونیشنل ڈیٹا بیس سے نکالنے کی ہدایت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی پاکستانی شہریت حاصل کرنے والے افراد کو نیشنل ڈیٹا بیس سے خارج کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ نے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین نادرا نے ادارے کی کارکردگی، جاری اور آئندہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے نادرا کی مؤثر عوامی خدمات اور کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ دو برس میں ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نادرا کے اسٹیٹ آف دی آرٹ دفاتر کرائے کی عمارتوں میں نہیں بلکہ اپنی خریدی گئی جگہوں پر قائم کیے جائیں اور اس سلسلے میں ماسٹر پلان بھی طلب کر لیا۔ وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور وزارتی سطح پر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

چیئرمین نادرا نے بریفنگ میں بتایا کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں بایومیٹرک نظام کے لیے چہرے کی تصویر سے تصدیق کا نفاذ شامل ہے، جس کے لیے دیگر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

مزید یہ کہ نادرا نے لاکھوں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کیے ہیں اور نادرا کے مسائل کے حل کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر جاری شدہ موبائل سمز بھی بلاک کی جا رہی ہیں۔

Back to top button