محسن نقوی: 5 اگست کے احتجاج کےلیے PTI تیار رہے، حکومت پہلے سے تیار ہے

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے تحریک انصاف کے 5 اگست کے مجوزہ احتجاج کے حوالے سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے پہلے تیاری کرلیں، حکومت تو پہلے ہی پوری طرح تیار ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اگر سوال یہ ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے احتجاج سے کیسے نمٹے گی، تو جواب یہی ہے کہ پہلے وہ خود تیاری کرلیں، ہم بھی مکمل تیار ہیں۔
افغانستان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ایک برادر اسلامی ملک ہے اور مختلف معاملات پر مذاکرات جاری ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں کسی بھی غیر ملکی کو غیر قانونی طور پر رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو مزید قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایران نے صرف دو ہفتوں میں تین لاکھ افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں 133 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز بن رہی ہیں، جن کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔
سینیٹر محسن نقوی نے بتایا کہ وزارت داخلہ میں مسلح اداروں کے معاملات کےلیے ایک افسر کی تعیناتی پر غور ہورہا ہے، جو حاضر سروس بھی ہوسکتا ہے یا ریٹائرڈ، اس پر حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
محسن نقوی نے وضاحت کی کہ اردوان فلائی اوور کی ایک سڑک گیس پائپ لائن کی کھدائی کے باعث خراب ہوئی ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے امریکا کے اہم دورے پر روانہ ہوں گے
ایک سوال پر کہ جب ٹرمپ، چین اور دیگر ممالک پاکستان کی تعریف کررہے ہیں تو ہم کس کے ساتھ ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، یہ خوش آئند ہے کہ دنیا ہماری تعریف کر رہی ہے۔
