محسن نقوی کی PSL کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی حمایت


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی بھرپور حمایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی نے ٹیم مالکان کو کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافے کا مشورہ دیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جب ٹیموں کی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ ہو چکا ہے تو اب کھلاڑیوں کی فیس میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کی نیلامی (آکشن) کرانے کی تجویز بھی دی اور کہا کہ ٹیمیں اپنی پسند کے کھلاڑی منتخب کریں، جس سے کھلاڑیوں کو مالی فائدہ ہوگا۔

اجلاس میں چیئرمین پی سی بی نے دو نئی ٹیموں کو کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ورکنگ کمیٹی اجلاس میں پرانی ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آٹھ فرنچائزز، پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا جبکہ نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر محسن نقوی اور پی ایس ایل ٹیموں کو مبارکباد بھی دی گئی۔

Back to top button