محسن نقوی نےٹی20ورلڈکپ کےحوالے سےکھلاڑیوں کواعتماد میں لے لیا

پاکستان کرکٹ بورڈکے چئیرمین محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے مؤقف پر انہیں اعتماد میں لیا۔
محسن نقوی سے ملاقات میں کھلاڑیوں نے چئیرمین پی سی بی کے اصولی مؤقف کو سراہا اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
ورلڈ کپ میں بھارت کے شرکت نہ کرنے کے حوالے سے محسن نقوی نے کہاکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے اور پی سی بی آئی سی سی کے دہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی، اور پاکستانی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اسے من و عن نافذ کریں گے۔
چئیرمین پی سی بی نے مزید کہاکہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر لحاظ سے باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شائقین کرکٹ کی نظریں بھی پاک آسٹریلیا سیریز پر ہیں اور وہ بجا طور پر کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔
