محسن نقوی نے عمران خان کی رہائی کیلئےبہت کوشش کی،علی امین گنڈاپور کادعویٰ

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نےدعویٰ کیا ہے کہ ہمارے دھرنے سے عمران خان باہر نہیں آئیں گے، محسن نقوی نے عمران خان کی رہائی کے لیے جتنی کوشش کی کسی نے نہیں کی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ محسن نقوی نے عمران خان کی رہائی کے لیے طاقتور حلقوں کے سامنے کھل کر بات کی۔انہوں نے کہاکہ مفاہمت ہمارے دین میں ہے، اور یہی ترقی کا راستہ ہوتا ہے، عمران خان کے جیل سے باہر نہ آنے کے ذمہ دار ہم سب ہیں، وہ جس سوچ سے چل رہے تھے ملک کو بہت آگے لے کر جاتے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ پی ٹی آئی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، جس میں ہم سب شامل ہیں، ہمارے درمیان بدنیت لوگ موجود ہیں۔ اس وقت پارٹی کے اندر کسی میں فیصلہ سازی کی قوت نہیں، اس پارٹی میں سب ایک دوسرے پر ملبہ ڈال رہے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان نے کہاکہ 26ویں ترمیم کو روکنے کے لے اسلام آباد آنا ہے، ہم آئے تو جڑیں ہل گئی تھیں، سسٹم ہمارے ساتھ بیٹھنے پر راضی ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں سنگجانی میں رکنے کا کہا تھا لیکن بشریٰ بی بی نے انکار کیا، اب ہمارا دباؤ اتنا کم ہوگیا کہ ملاقات سے لے کر عمران خان کی صحت پر دھرنا دے کر بیٹھے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان سے ملنے کے لیے جانے والے لوگ عجیب کہانیاں سناتے ہیں، 5 اکتوبر کو جب ہم اسلام آباد پہنچے تو 15 لوگ بھی وہاں پر نہیں تھے، جبکہ عمران خان کو بتایا گیا کہ ڈیڑھ لاکھ لوگ تھے۔
