محسن نقوی کا تہران کا دورہ، ایران کے وزیرداخلہ سے اہم ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سرکاری دورے کے پہلے روز تہران میں ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، زائرین سے متعلق معاملات اور سرحدی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کےدورے کے دوران پاکستان، ایران اور عراق پر مشتمل سہ ملکی کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔
ملاقات کے دوران پاک-ایران تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پاکستانی بھائی کی آمد پر دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایران پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے اور ہم دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایران، عراق اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سہ ملکی کانفرنس زائرین کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیر داخلہ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
سہ ملکی کانفرنس، جو زائرین، بارڈر مینجمنٹ اور متعلقہ معاملات پر مرکوز ہے، تہران میں پاکستان کی درخواست پر منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوں گے۔
اس دورے کے دوران محسن نقوی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات بھی کریں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے تو امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایران کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام، تہران میں پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو، قونصلر آفتاب بٹ اور دیگر سفارتی افسران بھی موجود تھے۔
